سیاسی بحران کا خاتمہ کرنے کے لئے عراقی گروہوں میں صلاح و مشورے جاری
عراق میں تازہ تشکیل پانے والے العزم الائنس کے دفتر کے سربراہ نے حکومت قانون الائنس کے وفد کے ساتھ ملاقات کی خبر دی ہے۔
موازین نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہشام الرکابی نے کہا ہے کہ عراق کے سابق وزیر اعظم نوری المالکی کی زیر قیادت حکومت قانون الائنس کے وفد اور تازہ تشکیل پانے والے العزم الائںس کے وفد کے درمیان بغداد میں تبادلہ خیال ہوا ہے۔
اس ملاقات میں دونوں فریق نے عراق اور علاقے کے تازہ ترین سیاسی حالات اور انتخابات کے نتائج پر گفتگو کی۔
دوسری جانب ہوشیار زیباری کی زیر قیادت کردستان کی پارٹی کے ایک وفد نے قومی حکمت دھڑے کے سربراہ عمار حکیم سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں عمار حکیم نے انتخابات کے نتائج سے اختلاف رکھنے والے گروہوں کی شکایت کا عدالت میں جائزہ لئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ جائزہ، سبھی فریقوں کے مفاد میں ہے اس لئے کہ اس سے انتخابات کے نتائج کی شفافیت میں اور بھی زیادہ مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ عراقی ذرائع نے ہفتے کے روز خمیس الخنجر کی سربراہی میں العزم سے موسوم ایک نیا سنی الائنس تشکیل دیئے جانے کا اعلان کیا ہے۔