بشار اسد کا عرب اداروں اور یونینوں کے درمیان گفتگو کی اہمیت پر زور
شام کے صدر نے عرب اداروں اور یونینوں کے درمیان بات چیت کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
الاخباریہ ٹی وی کے مطابق شام کے صدر بشار الاسد نے دمشق میں عادل الحدیثی کی سربراہی میں عرب انجینیئروں کی یونین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ یہ بات چیت، افکار و نظریات اور مہارت و تکنیک کے تبادلے اور عرب اقوام کے مسائل پر گفتگو کا ایک اسٹیج ہے۔ بشار الاسد نے کہا کہ یہ ادارے اور یونینیں عرب قوموں کی حقیقی نبض ہیں اور عرب عوام کے اتحاد اور یکجہتی کے حصول میں اہم سیاسی اور سماجی کردار ادا کرتی ہیں۔
ملاقات کے دوران عرب انجینیئروں کی یونین کے ارکان نے عرب ممالک میں عرب ممالک کی سرمایہ کاری کی اہمیت اور عرب قوموں کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اس کے وسیع اثرات پر بھی زور دیا۔
دونوں فریقوں نے عرب ممالک میں عرب ممالک کی سرمایہ کاری کی ترغیب دلانے میں یونینوں کے کردار اور اس راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی جانب اشارہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس سرمایہ کاری سے پہلے مرحلے میں شام میں دہشتگردانہ حملوں سے ہونے والی تباہی و بربادی کی تعمیرنو میں استفادہ کیا جائے۔