بین الاقوامی امداد کے لئے طالبان کی اپیل، کسی ملک کے لئے خطرہ نہ بننے کی یقین دہانی
طالبان نے افغانستان کے لئے بین الاقوامی امداد کی اپیل کے ساتھ ہی کہا ہے کہ ان کا ملک کسی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہے۔
طالبان کی عبوری حکومت کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سے افغانستان کے معاملے میں اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ ڈیبورا لاینز نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سراج الدین حقانی نے کہا کہ دنیا طالبان کی حکومت کے ساتھ گفتگواور تعاون کے لئے آمادگی کا مظاہرہ کرے۔
آوا نیوز کے مطابق، سنیچر کے روز اس ملاقات میں سراج الدین حقانی نے کہا کہ طالبان کے کنٹرول میں افغانستان کسی ملک کے لئے کوئی خطرہ نہیں ہے اور عالمی برادری کو اسکے ساتھ گفتگو کرنی چاہیئے۔
انہوں نے افغانستان سمیت خطے میں ثبات قائم ہونے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ کابل کو عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔
اس ملاقات میں ڈیبورا لاینز نے کہا: اقوام متحدہ افغانستان کے بحران کے حل کے لئے خود کا پابند سمجھتا ہے اور اس ملک میں تعلیم کے میدان میں مدد اور زرعی منصوبے شروع کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے افغانستان کو عالمی بینک کی طرف سے 28 کروڑ ڈالر کی نقد مدد کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی امداد جاری رہنی چاہیئے۔