Dec ۲۶, ۲۰۲۱ ۲۲:۰۳ Asia/Tehran
  • نیٹو کو عراق کی دو ٹوک، کسی بھی ملک پر حملے کی اجازت نہیں

 عراق کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ بغداد کسی دوسرے ملک پر حملے کے لئے اپنی سرزمین کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

عراق کی قومی سیکورٹی کے مشیر قاسم الاعرجی نے ملک میں نیٹو کے سینئر کمانڈر مائیکل انکر سے ملاقات میں یہ بات کہی۔

انہوں نے کہا کہ بغداد اس بات کو ہرگز قبول نہیں کرے گا کہ اس کے فضائی، زمینی اور آبی سرحدوں کو استعمال کرکے کسی دوسرے ملک پر حملہ کیا جائے۔

عراق کے سومریہ نیوز چینل نے رپورٹ دی ہے کہ اس ملاقات میں دونوں فریق نے علاقے میں امن و استحکام کے قیام اور تعاون کے راستوں کو مضبوط کرنے نیز مشاورتی اور ٹریننگ کے بارے میں نیٹو کی حمایت کے موضوع پر گفتگو کی۔

عراق کے قومی سیکورٹی کے مشیر قاسم الاعرجی کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری عراق کی حفاظت اور اس کو ہر طرح کی علاقائی جنگ سے دور رکھنے کی ہے، اسی لئے ہم کبھی بھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ ملک کی سر‍زمین کو کسی دوسرے ملک پر حملے کے لئے استعمال کی جائے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراق کے قومی سیکورٹی کے مشیر قاسم الاعرجی اور مائیکل انکر نے گزشتہ 1 دسمبر کو ملاقات کی تھی اور دو طرفہ تعاون میں توسیع اور عراقی سیکورٹی اہلکاروں کی ٹریننگ اور ان کو مضبوط کرنے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بغداد عراق سے تمام غیر ملکی فوجیوں کے انخلا پر مبنی پارلیمنٹ کی قرارداد کے نافذ ہونے پر تاکید کرتا ہے۔ قاسم الاعرجی کا کہنا تھا کہ عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے بہت زیادہ تجربات حاصل کر لئے ہیں اور وہ داعش سے جنگ کی توانائی نیز ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

ٹیگس