Jan ۰۲, ۲۰۲۲ ۲۲:۴۰ Asia/Tehran
  • کابل میں طالبان کا چھاپہ،  3 ہزار لیٹر شراب نہر میں بہا دی گئی

افغانستان پر حکمراں طالبان نے دار الحکومت کابل میں چھاپہ مار کر 3 ہزار لیٹر شراب برآمد کی۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے شراب پینے اور فروخت پر پابندی کے بعد افغان انٹیلی جنس اہلکاروں نے چھاپہ مار کر 3 ہزار لیٹر شراب برآمد کی اور اسے کابل کی نہر میں بہا دیا۔

افغانستان جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو فوٹیج میں انٹیلی جنس اہلکاروں کو دارالحکومت کابل میں چھاپے کے دوران پکڑے گئے شراب کے بیرل نہر میں ڈالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے اتوار کو ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی فوٹیج میں ایک اہلکار کہتا نظر آ رہا ہے کہ مسلمانوں کو شراب بنانے اور اس کی فراہمی سے پرہیز کرنا چاہیے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ چھاپہ کب مارا گیا یا شراب کو کب تلف کیا گیا لیکن انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران تین ڈیلرز کو گرفتار کیا گیا۔

واضح رہے کہ افغانستان کی سابقہ حکومت میں بھی ملک میں شراب کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد تھی۔

ٹیگس