Jan ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۳ Asia/Tehran
  • ہمیں تسلیم کیا جائے: طالبان حکومت کے سربراہ کا مطالبہ

افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے سربراہ نے پوری دنیا بالخصوص اسلامی ممالک سے کہا ہے کہ وہ طالبان حکومت کو تسلیم کریں۔

طالبان کی عبوری حکومت کے سربراہ ملا محمد حسن آخوند نے بدھ کو کابل میں ایک کانفرنس میں دنیا بھر کی حکومتوں سے اپیل کی کہ طالبان حکومت نے تمام شرطیں پوری کردی ہیں لہذا اسے تسلیم کیا جائے۔ افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے سربراہ نے افغانستان کے اثاثے منجمد کرلئے جانے پر امریکہ کو ہدف تنقید بنایا۔

ملا محمد حسن آخوند نے بدھ کو کابل میں افغان معیشت کے زیرعنوان منعقدہ ایک کانفرنس میں کہا کہ امریکہ کے ہاتھوں افغانستان کے اثاثے منجمد کرلینا اس ملک میں اقتصادی بحران کا اصلی سبب ہے۔ افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے سربراہ نے افغانستان کے اقتصادی مسائل کے بنیادی حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مختصر مدت کی انسان دوستانہ امداد افغانستان کے بحران کا بنیادی حل نہیں ہیں بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ افغانستان پر عائد پابندیاں منسوخ اور افغانستان کے سینٹرل بینک کے اثاثے ریلیز کئے جائیں۔

طالبان کی عبوری حکومت کے وزیرخارجہ امیرخان متقی نے بھی اس اجلاس میں افغانستان کے سینٹرل بینک کے اثاثے ریلیزکئے جانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد سے افغانستان ، ملکوں کے درمیان مقابلہ آرائی کے میدان کے بجائے اقتصادی میدان میں نقطہ اتصال اور مفاہمت کا مرکز ہوگا۔

طالبان نے پندرہ اگست دو ہزار اکیس کو افغانستان کی حکومت اپنے ہاتھ میں لے لی اور اس ملک میں ایک وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کا وعدہ کیا لیکن ابھی تک اسے پورا نہیں کیا ہے۔

ٹیگس