Feb ۰۹, ۲۰۲۲ ۲۱:۱۲ Asia/Tehran
  • تین نوجوان فلسطینیوں کی شہادت پر فلسطینی گروہوں کا ردعمل

الاقصی بریگیڈ کے تین فلسطینی نو جوانوں کی شہادت کے جواب میں فلسطین کی تحریک استقامت نے غرب اردن کے شہر جنین میں صیہونی فوجیوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے شہر نابلس میں ایک گاڑی کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں سوار تین فلسطینی نوجوان شہید ہو گئے جبکہ ایک فلسطینی نوجوان کو غاصب صیہونی فوجیوں نے گرفتار کرلیا۔

فلسطین الیوم کے مطابق اس جارحیت کے جواب میں جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو القدس بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی جارحیت کے جواب میں جنین کے جنوب مغرب میں واقع یعبد کے علاقے مودوتان کے قریب غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

الاقصی بریگید نے بھی سخت خبردار کیا ہے کہ نابلس میں الاقصی بریگیڈ کے شہید کئے جانے والے فلسطینی نوجوانوں کا انتقام لیا جائے گا۔

دریں اثنا فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونی دشمن کے جرائم کا سدباب کے لئے ضروری ہے کہ صیہونی فوجیوں اور غاصب صیہونی آبادیوں کے علاقوں کو جوابی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جائے۔

تحریک حماس کے ایک عہدیدار جاسم برغوثی نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم اس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ فلسطینی قوم کے تحفظ کا واحد راستہ استقامت ہے۔

دوسری جانب صیہونی ذرائع ابلاغ نے مقبوضہ فلسطین میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنائی دیئے جانے کی خبر دی ہے۔

المیادین ٹی وی چینل نے صیہونی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ خود ساختہ صیہونی حکومت کی جارح فوج نے ان دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں راکٹ فائرنگ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے حیفا شہر کے ام الفحم علاقے، الجلیل اور مغربی کنارے کے شمال میں یہ دھماکے ہوئے ہیں۔

یہ دھماکے غاصب صیہونی فوج کے اُس اقدام کے چند گھنٹے بعد ہوئے ہیں جس میں انہوں نے مقبوضہ فلسطین کے نابلس شہر میں ایک کار پر فائرنگ کر کے تین فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔

اس سے قبل فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے بھی اعلان کیا تھا کہ صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال کے واقع کفر عقب میں فلسطینیوں پر فائرنگ کر کے نو افراد کو زخمی کر دیا تھا۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کریں 

 

 

ٹیگس