Feb ۱۰, ۲۰۲۲ ۲۱:۳۴ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے حوصلے بڑھے، فلسطینیوں کا قتل ہمارا حق ہے، عالمی برادری خاموش

صیہونی حکومت کے ایک وزیر کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کا قتل ہمارا حق ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے ایک وزیر نے دعوی کیا کہ اوسلو سمجھوتے نے کسی کو بھی تحفظ نہيں دیا ہے اور اسرائیل کو جب ضروری لگے گا وہ فلسطینی انتظامیہ کے زیر کنٹرول علاقوں میں داخل ہوگا اور قتل کرے گا۔

صیہونی حکومت کے کمیونیکیشن کے وزیر یوعز ہندل نے اسرائیل کے ریڈیو کان سے گفتگو کرتے ہوئے ویسٹ بینک کے نابلس میں تین فلسطینی نوجوانوں کے قتل پر رد عمل ظاہر کیا اور کہا کہ مغربی کنارے میں ٹارگٹ کلنگ کا آپریشن جاری رہے گا اور اسرائیل نے اس علاقے میں اپنی آزاد فوجی کاروائی کا حق محفوظ کر رکھا ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ اوسلو سمجھوتے نے کسی کو بھی تحفظ کا حق نہيں دیا ہے اسرائیلی فوج جب مرضی ہوگی فلسطینی انتظامیہ کے زیر کنٹرول علاقے میں گھسے گی اور فوجی کاروائی انجام دے گی۔

صیہونی حکومت کے مذکورہ وزیر نے تل ابیب اور فلسطینی انتظامیہ کے درمیان سیکورٹی ہماہنگی کی تعریف کی اور کہا کہ یہ ہماہنگی اسرائیل کے مفاد میں تھی اور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی کنارے کے نابلس شہر میں جو تین فلسطینی جوان شہید ہوئے اس آپریشن کے لئے اسرائیلی فوج نے پہلے سے پروگرام بنایا تھا۔

دوسری جانب صیہونی حکومت کے نائب وزیر جنگ الون شوستر کا بھی کہنا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینی علاقوں ميں فوجی کاروائی اور ٹارگٹ کلنگ کا حق خود کے لئے محفوظ کر رکھا ہے۔

ٹیگس