تخت شاہی پر قبضے کا خواب دیکھنے والے سعودی شہزادوں میں شدید اختلاف
سعودی عرب کی موروثی حکومت پر قبضہ جمانے کا خواب دیکھنے والے شہزادوں کے مابین ایک بار پھر شدید مقابلہ آرائی کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
البوابہ الاخباریہ الیمنیہ ویب سائٹ نے خبر دی ہے کہ سعودی عرب میں ولیعہد بن سلمان نے شاہی عہدے پر قبضہ کرنے کی اپنی کوششیں ایک بار پھر تیز کردی ہیں۔ یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں آل سعود خاندان کے شہزادوں میں رقابت اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے اور سارے شہزادے بن سلمان سے چھٹکارہ پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سبھی سعودی شہزادے، پورا اقتدار شاہ سلمان کے گھرانے تک محدود ہوجانے کے سخت خلاف ہیں اور اسی بنا پر خاندانی اختلافات کافی بڑھ گئے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ آل سعود خاندان میں اختلافات کا اس حد تک شدت اختیار کرجانا اس بات کا باعث بن سکتا ہے کہ بن سلمان اپنا مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ سیاسی ماہرین کے مطابق جنگ یمن میں بن سلمان کی شکست خاندانی اختلافات بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ بنی ہے جبکہ اس خاندان کے تمام شہزادے بن سلمان کو اپنے لئے خطرہ بھی سمجتے ہیں۔