آل خلیفہ کی حکومت کمزور ہو گئی
بحرین میں 14 فروری کے اتحاد کے سیاسی دفتر کے صدر نے آل خلیفہ حکومت کے کمزور ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ماضی کی نسبت بحرینی حکومت کے مخالفین کی پوزیشن پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔
العہد کی رپورٹ کے مطابق بحرین میں 14 فروری کے اتحاد کے سیاسی دفتر کے صدر ابراهیم العرادی نے بیروت میں بحرین کی 14 فروری کے انقلاب کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کے علماء کئی سال سے آل خلیفہ کی جیلوں میں قید ہیں اور بحرین کے انقلاب کو 11 سال ہونے کے باوجود آل خلیفہ کی حکومت کی جانب سے ظلم و بربریت اور عوام کی سرکوبی کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ بحرین میں 14 فروری کے انقلاب کی سالگرہ کی مناسبت سے بحرینی عوام نے ملک کے مختلف علاقوں میں پرامن مظاہرے کئے۔
بحرین کے مختلف علاقوں میں کئے گئے پرامن احتجاجی مظاہروں میں آزادی اور جمہوریت کا مطالبہ کیا گیا۔
انقلاب بحرین کی گیارہویں سالگرہ ایسی حالت میں منائی جارہی ہے کہ اس ملک کی ڈکٹیرموروثی حکومت نے عوامی مخالفت کے باوجود صیہونی حکومت سے تعلقات بڑھا لئے ہیں اور اسی تناظرمیں صیہونی وزیرجنگ بنی گانتز نے گذشتہ ہفتے منامہ کا دورہ کرکے شاہ بحرین حمد بن عیسی آل خلیفہ اور ولیعھد سلمان بن حمد سے ملاقات کی۔