Feb ۲۲, ۲۰۲۲ ۲۰:۱۸ Asia/Tehran
  • صدر ایران سے ملاقات کے بعد امیر قطر کا اظہار مسرت

امیر قطر نے ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ دوحہ کا ذکر کرتے ہوئے ان سے ملاقات اور ایران کے ساتھ تعلقات و تعاون کے استحکام و فروغ پر خوشی کا اظہار کیا۔

امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ میں نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے کہ جن کا استقبال کر کے مجھے بڑی خوشی ہوئی، ایک ایسے ملک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی توسیع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا کہ جس کے ساتھ تاریخی اور اچھی ہمسائیگی اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر ہمیشہ خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔

امیر قطر نے کہا کہ ہم نے علاقے اور دنیا کے اہم ترین مسائل کے علاوہ علاقے میں امن کے تحفظ اور اسے مستحکم بنانے کے طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی قطر میں اپنے دو روزہ قیام کے دوران گیس برآمد کرنے والے ملکوں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ میزبان ملک کے اعلی حکام نیز اجلاس میں شرکت کرنے والے دیگر ملکوں کے سربراہوں اور عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امیر قطر اور صدر ایران کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی چودہ دستاویزات پر دستخط ہوئے ہیں۔

ٹیگس