حماس اور جہاد اسلامی کا غاصب صیہونی حکومت کو سخت انتباہ
فلسطین کی مزاحمتی تحریکوں حماس اور جہاد اسلامی نے غزہ کا محاصرہ اور بیت المقدس اور غرب اردن کے علاقوں میں صیہونی آبادکاری کا عمل جاری رکھنے پر غاصب صیہونی حکومت کو سخت خبردار کیا ہے۔
فلسطینی تنظیموں نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن میں صیہونی بستیوں کی تعمیر اور صیہونی آباد کاری اور اسی طرح غزہ کا جاری محاصرہ، بالکل ناقابل برداشت ہے اور فلسطین کی مزاحمتی قوتیں صورت حال یونہی جاری رکھے جانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گی۔
بیروت میں حماس اور جہاد اسلامی کے وفود کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے اس بیان میں فلسطین کے قومی منصوبے اور فلسطینی امنگوں کو پورا کرنے میں سب کی شمولیت اور قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
فلسطین کی ان دونوں تنظیموں ںے اسی طرح غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے فلسطینی قدیوں کے حقوق کی جاری خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس قسم کے اقدامات کے بھیانک نتائج کی بابت غاصب صیہونی حکومت کو سخت انتباہ بھی دیا۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی مختلف جیلوں میں اس وقت بھی تقریبا چار ہزار آٹھ سو پچاس فلسطینی، ابتر حالات میں جیل کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں جن میں اکتالیس عورتیں، دو سو پچیس بچے اور پانچ سو چالیس نوکری پیشہ افراد شامل ہیں۔