شام، شاپنگ سینٹر میں شدید آتشزدگی، متعدد ہلاک و زحمی
شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی سے 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ دمشق میں پیش آنے والا واقعہ حالیہ برسوں میں آگ لگنے کا بدترین واقعہ ہے۔
ڈائریکٹرسول ڈیفنس احمد عباس نے کہا کہ جاں بحق افراد میں سے اکثر سیکیورٹی گارڈز یا 6 منزلہ عمارت میں کام کرنے والے افراد تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہوسکی۔
شامی وزارت داخلہ نے بتایا کہ آتشزدگی سے قیمتی اشیا خاکستر ہوگئی ہیں، جس میں کپڑے، کاسمیٹک اور دیگر مصنوعات شامل ہیں۔
وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ آگ ابتدائی طور پر عمارت کی آخری منزل پر لگی تھی اور تیزی سے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس عباس نے بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے 25 فائر انجن نے تندہی سے کام کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے ہمیں تقریباً 4 گھنٹے لگے، دھواں بھرنے کے باعث دم گھٹنے سے اکثر اموات ہوئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں دمشق کے اولڈ سٹی کے علاقے میں فیبرک ویئرہاؤس میں آگ سے تباہی مچی تھی جہاں امدادی کاموں کے دوران فائر بریگیڈ کا ایک اہلکار جبکہ دو شہری بھی جاں بحق ہوگئے تھے۔