Mar ۲۳, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۳ Asia/Tehran
  • یمنی فورس کی جوابی کاروائی، جدہ ایرپورٹ کی فضائی سرگرمیاں معطل

یمن پر جارح سعودی اتحاد کے حملوں کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضا کار فورس نے جنوبی سعودی عرب پر میزائل سے کاروائی کی۔

یمنی فوج نے اتوار کی رات سعودی شہر جدہ میں ہوائی اڈے اور تیل کی تنصیبات سمیت، سعودی حکومت کی  بنیادی فوجی، صنعتی اور اقتصادی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون طیاروں سے کاروائی کی۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے بتایا ہے کہ ان کاروائیوں میں قدس-2  نوعیت کے بیلسٹک میزائل استعمال ہوئے ۔ 

النشرہ نیوز ویب سائٹ  کے مطابق مقامی ذرائع ابلاغ نے پیر کو رپورٹ دی ہے کہ یمن کے تازہ میزائلی اور ڈرون حملوں کے بعد جدہ ہوائی اڈے پر معمول کی فضائی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔ اسی کے ساتھ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اعلان کیا ہے کہ جدہ ہوائی اڈے کی فضائی سرگرمیاں رک گئی ہیں اور کوئی بھی ہوائی جہاز اس ہوائی اڈے کے رن وے پر لینڈ نہیں کرسکتا۔ اس سے پہلے ایک سعودی عہدیدار نے بتایا تھا کہ یمنی فوج کے ڈرون حملے کے بعد آرامکو کمپنی کی ینبع ریفائنری میں  تیل کی پیداوار کم ہوگئی ہے ۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق  یمنی فوج اور عوامی رضا کار فورسز نے سعودی عرب کے جیزان، ابہا اور ملک خالد ائیر پورٹ پر حالیہ مہینوں کے دوران  میزائلوں اور ڈرون سے آپریشن کئے۔

سعودی اتحاد نے جیزان ایر پورٹ پر میزائلی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعوی کیا کہ سعودی عرب کے دفاعی سسٹم نے ان میزائلوں کو تباہ کیا۔ در ایں اثناء بعض ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ جیزان ائیر پورٹ پر ڈرون سے حملہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ چوطرفہ محاصرے کے باوجود یمنی افواج کی دفاعی توانائیوں میں حیرت انگیز اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ یمنی افواج نے سنیچر کی رات بھی ریاض اور ینبع سمیت مختلف علاقوں میں سعودی حکومت کی اہم تنصیبات پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون طیاروں سے کارروائی کی تھی۔ 

اس دوران یمن کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ظالمانہ محاصرے نے حالات کی پیچیدگی بڑھادی ہے۔ یمن کی قومی حکومت کے نائب وزیر خارجہ حسین العزی نے پیر کو اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا ہےکہ جارح اتحاد کی جانب سے یمن کا ہمہ گیر محاصرہ ظالمانہ اور ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے محاصرے کو بے نتیجہ قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس محاصرے سے ظالمین کا کو‏ئی بھی مقصد پورا نہیں ہوگا اور اس کا نتیجہ الٹا نکلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن کا محاصرہ انسانیت کے خلاف جرم ہے جو قیام امن کی کوششوں کو ناکام بنارہا ہے۔

یمن کی قومی حکومت کے وزیراعظم کے دفاعی اور سیکورٹی امور کے مشیر جلال الدین الرویشان نے بھی اعلان کیا ہے کہ ظالمانہ محاصرے کو ناکام بنانے کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ جب تک جارحین کی طرف سے یہ ظالمانہ محاصرہ جاری رہے گا، یمن کے جوابی اور دفاعی حملے بھی جاری رہیں گے۔

ٹیگس