وزیراعظم کی شہادت کا ہر حال میں انتقام لیا جائے گا، یمن کا انتباہ
یمنی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی شہادت کے بعد صہیونی حکومت سے ہر حال میں انتقام لیا جائے گا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے اسرائیلی فضائی حملے میں وزیراعظم احمد غالب ناصر رہوی اور دیگر وزراء کی شہادت کے بعد صہیونی حکومت کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خون کا انتقام ضرور لیا جائے گا جس میں تاخیر نہیں کی جاسکتی۔
انہوں نے صہیونیوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ تمہارے سیاہ دن قریب ہیں، اور یہ تمہاری حکومت کی جارحیت اور شیطانی اقدامات کا نتیجہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تم ہماری ارادے کو توڑ نہیں سکتے کیونکہ ہم خدا کے ساتھ ہیں اور اسی کے راستے پر کھڑے ہیں۔ خدا ہمیں صبر، طاقت اور استقامت عطا کرتا ہے۔ دھمکیاں اور فضائی حملے ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتے۔ راہِ خدا میں شہادت ہمارے لیے اعزاز ہے۔ خدا یقینا ہمیں فتح عطا کرے گا کیونکہ خدا اپنے وعدے کے خلاف نہیں کرتا۔
مہدی المشاط نے واضح کیا کہ یمن کا فلسطینی بھائیوں، بالخصوص اہل غزہ کے بارے میں موقف حتمی ہے۔ چاہے مشکلات کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہوں، ہمارا موقف نہیں بدلے گا۔ جب تک جارحیت ختم نہیں ہوتی اور غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کر دیا جاتا، ہم اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے۔