صیہونی فوجیوں کی فائرنگ، فلسطینی خاتون شہید
صیہونی فوجیوں نے مغربی کنارے میں ایک خاتون کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ مغربی کنارے کے جنوبی علاقے میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں خاتون شہید ہوگئیں۔
فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ 40 سالہ خاتون کو زخمی حالت میں مغربی کنارے کے شہر بیت جالا کے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اسپتال منتقل کرنے میں تاخیر کی وجہ سے مذکورہ خاتون شہید ہوگئی۔
بیان میں کہا گیا کہ شہید خاتون کی شناخت غادة ابراهیم علی العریدی کے نام سے ہوئی، جن کے شوہر پہلے ہی جاں بحق ہو چکے تھے اور ان کا 6 ماہ کا بچہ ہے۔
صیہونی فوجیوں نے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ فلسطینی خاتون ان کی طرف بڑھ رہی تھی تو خبردار کرنے کے لیے سپاہیوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔
بیان میں کہا کہ خاتون کو طبی امداد کے لیے ہلال احمر کے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ رمضان کے آغاز کے ساتھ اسرائیل اور مغربی کنارے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔