Apr ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۹:۳۳ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی پر صیہونی فوجیوں کا حملہ، سترہ فلسطینی زخمی

سیکڑوں اسرائیلی فوجیوں اور غیر قانونی آباد کاروں نے مسجد الاقصی پر حملہ کرکے کم سے کم سترہ فلسطینیوں کو زخمی کردیا ہے۔

بیت المقدس میں جاری کشیدگی کے درمیان، سیکڑوں صیہونی فوجیوں اور غیر قانونی آباد کاروں نے مسجد الاقصی کے صحن میں گھس کے فلسطینیوں کو وہاں سے باہر نکالنے کی کوشش کی۔
عینی شاہدین کے مطابق غیر قانونی صیہونی آباد کاروں کے ایک گروپ نے مسجدالاقصی کی بے حرمتی کرتے ہوئے اس مقدس مقام پر ناچ گانا بھی کیا جس پر وہاں موجود فلسطینیوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
بعدازاں فلسطینیوں نے، غیر قانونی صیہونی آباد کاروں کو مسجد الاقصی لانے والی بس پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں پانچ صیہونی زخمی ہوگئے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق، مسجد الاقصی کے احاطے میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ ہونے والی تازہ جھڑپوں میں کم سے کم سترہ فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطین کی استقامتی تحریک جہاد اسلامی نے مسجد الاقصی پر دوبارہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے غاصب صیہونیوں کے ناپاک عزائم پوری طرح واضح ہوگئے ہیں۔
جہاد اسلامی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد الاقصی پر صیہونی فوجیوں اور غیر قانونی آباد کاروں کے حملے، بھرپور جنگ اور لڑائی میں تبدیل ہوسکتے ہیں۔

ٹیگس