قرآن پاک کی بے حرمتی، عالم اسلام میں غم و غصہ
عراقی وزارت خارجہ نے سویڈن کے سفارت خانے کے انچارج ڈی افیئرز کو ملک میں انتہا پسندوں کی طرف سے قرآن مجید کی توہین پر طلب کرلیا ۔
عراقی کی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد الصحاف نے بغداد میں سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کئے جانے کی خبر دی ہے۔
عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع کے مطابق عراق کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک کی وزار خارجہ نے بغداد میں سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کرکے قرآن کی بے حرمتی اور اس کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے خلاف عراقی حکومت کے احتجاج سے آگاہ کیا۔
عراقی حکومت نے سویڈن کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے والے ایسے اقدامات کے اعادے کو فوری طور پر روکا جائے۔
دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ میں بھی سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کیا گیا تھا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد سویڈن کے سفیر کی غیر موجودگی میں سویڈن کے ناظم الامور کو ایرانی وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا اور سویڈش حکومت کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کو ختم کرنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدام کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے مستقبل میں اس کی عدم تکرار کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔
سویڈن میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات کے بعد جن کی وجہ سے لنکیپنگ میں انتہا پسند دائیں بازو کے رہنما راسموس پالوڈن نے قرآن پاک کی بے حرمتی کرتے ہوئے نذر آتش کردیا، تہران میں سویڈن کے سفیر کی غیر موجودگی کی وجہ سے اس ملک کے ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا اور انہیں اس توہین آمیز عمل کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کے شدید احتجاج سے آگاہ کیا گیا۔