پاکستانی نژاد برطانوی باکسر بھی فلسطینیوں کی حمایت پر اتر پڑا
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے مسجد اقصٰی سمیت پورے فلسطین میں جاری صیہونی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے لیے 50 ہزار پاؤنڈ عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق عالمی شہرت یافتہ باکسر نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ جو کچھ فلسطین میں ہورہا ہے وہ بہت پریشان کن ہے، فلسطینیوں کے ساتھ بد سلوکی اور انہیں اذیت پہنچائی جا رہی ہے، میری دعائیں فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔
عامر خان نے ٹوئٹ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے لیے 50 ہزار پاؤنڈ کا عطیہ کررہے ہیں۔
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مسجد الاقصی اور فلسطینیوں کے خلاف صہیونی جارحیت میں شدت آ گئی ہے۔
بیت المقدس اور مسجد الاقصی کے مختلف صحنوں میں غاصب انتہا پسند صہیونیوں اور فلسطینی نمازیوں کے درمیان، جمعے کو شدید جھڑپیں ہوئی تھیں جن کی کم سے کم پچھلے ایک سال کے دوران کوئی مثال نہیں ملتی ۔ ان جھڑپوں میں تین سو سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔