Apr ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی پر حملے اور علاقائی و عالمی رد عمل

مختلف ممالک اور تنظیموں کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔

بحرین کی الوفا اسلامی تحریک نے فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے زور دے کر کہا ہے کہ ملت بحرین، فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھے گی۔

یونیوز کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے اہلسنت مسلمانوں کی تنظیم تحریک اسلامی الوفا نے ایک بیان جاری کرکے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ملت بحرین فلسطینی اہداف کی پابند رہے گی، اعلان کیا کہ فلسطینی کاز عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور بیت المقدس ایسا محور ہے جس سے دوست اور دشمن پہچانے جاتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ فریق جو بیت المقدس کی امنگوں کی حمایت کرتا ہے ہم سے قریب ہے اور جو بیت المقدس کے اہداف کے خلاف سازشیں کرتا ہے وہ ہمارے خلاف ہے۔

الوفا تحریک نے اپنے بیان میں ایک بار پھر بحرین اور صیہونی حکومت کے درمیان تعلقات کی بحالی کی مخالفت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا سمجھوتہ باطل و غلط ہے اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اور اس سے ملت بحرین کے مطالبات کی عکاسی نہیں ہوتی۔

الوفا اسلامی تحریک نے اپنے اس بیان میں عالمی یوم قدس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم قدس، ملت فلسطین کی امنگوں کی حقانیت کے سلسلے میں مسلم امہ کے ثابت و پائیدار موقف اور بیت المقدس پر صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کی مخالفت کا عکاس ہے۔

واضح رہے کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) نے ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعے کو یوم قدس کے طور پرمنانے کا اعلان کیا تھا۔

یمن کی قومی حکومت کے وزیر اعظم نے فلسطینی اہداف کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سی عرب حکومتوں نے اپنا تشخص امریکی سامراج اور صیہونی تحریک کے ہاتھوں بیچ دیا ہے، لیکن یمن فلسطین کی حمایت کے موقف پر کاربند رہے گا۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی قومی حکومت کے وزیر اعظم عبدالعزیز بن حبتور نے یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سابق سربراہ صالح الصماد کی شہادت کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یمن، فلسطینی استقامت کی حمایت پر مبنی موقف پر ثابت قدم ہے اور آئندہ ہفتے ہم صنعا میں فلسطینی اہداف کے سلسلے میں ایک کانفرنس کا انعقاد کریں گے۔ یمن کے وزیر اعظم حبتور نے مزید کہا کہ بہت سی عرب حکومتوں نے اپنا تشخص امریکی سامراج اور صیہونی تحریک کے ہاتھوں فروخت کردیا ہے اور تیزی سے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔

یمن کی قومی حکومت کے وزیر اعظم نے زور دے کر کہا ہے کہ ساز باز کرنے والے ممالک نے یمنیوں کا محاصرہ کر رکھا ہے اور صیہونی حکام کو یہودیوں کی نام نہاد عید کی مبارک باد دے رہے ہیں۔

 

ٹیگس