Apr ۲۲, ۲۰۲۲ ۰۰:۳۹ Asia/Tehran
  • افغانستان، مزار شریف کے شہداء کی تعداد میں اضافہ، ایران اور حزب اللہ کی مذمت

افغانستان کے مزار شریف میں شیعہ مسلمانوں کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔ یہ خودکش حملہ اس وقت ہوا جب نمازی مسجد میں نماز ظہر ادا کر رہے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 100 سے زائد ہوگئی ہے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران، حزب اللہ لبنان اور طالبان نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

کابل میں ایران کے سفارتخانے نے ایک بیان جاری کرکے مزار شریف کی مسجد میں ہوئے دھماکے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا اور اس کی مذمت کی۔

ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک بار پھر تکفیری دہشت گردوں کے مجرمانہ اور ناپاک ہاتھوں سے ماہ مبارک رمضان میں افغانستان کے مسلمان اور روزہ دار افراد کے خون بہائے گئے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے نے شہداء کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے زخمیوں سے جلد از جلد شفایاب ہونے کی دعا کی۔

دوسری جانب حزب اللہ لبنان نے بھی افغانستان کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

حزب اللہ لبنان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے نے ایک بار پھر مجرموں کے وحشیانہ اقدام کو ثابت کر دیا ہے۔

 

ٹیگس