مسجدالاقصی میں نماز عید کا روح پرور اجتماع، 2 لاکھ فلسطینی سر بسجود
قدس کی غاصب و جابر صیہونی حکومت کی جانب سے عائد پابندیوں اور سکیورٹی حصار کے باوجود مسجد الاقصی میں نماز عیدالفطر کا روح پرور اجتماع منعقد ہوا جس میں 2 لاکھ فلسطینیوں نے شرکت کی۔
العہد کی رپورٹ کے مطابق، مسجدالاقصی میں نماز عیدالفطر پڑھنے کیلئے بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے ایسے عالم میں شرکت کی کہ اسرائیل کے غاصب فوجیوں کی طرف سے ہر قسم کی پابندی عائد تھی اور انہوں نے ہر جگہ رکاروٹیں کھڑی کی تھیں، لیکن فلسطینیوں نے اپنی بھر پور شرکت سے صیہونی فوجیوں کے اقدامات کو نقش بر آب کردیا۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز عالمی یو م القدس کے دن صیہونی فوجیوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی میں داخل ہو کر فلسطینی نمازیوں پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ صیہونی فوجیوں کے مسجدالاقصی میں غیرقانونی داخلے کو روکنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں پر انہوں نے حملہ کیا تھا۔ صیہونی فوجیوں نے اس حملے میں آنسوگیس کے گولے اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں۔
مسجدالاقصی میں ہونے والی جھڑپوں میں 152 فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔ صیہونی فوجیوں نے اپنے حملے میں فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ کی اور صوتی بموں کا بھی استعمال کیا۔