May ۰۶, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • افغانستان میں سیلاب اور طوفان سے 32 افراد لقمہ اجل

افغانستان میں سیلاب اور طوفان سے 32 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ موسلادھار بارشیں ہر سال سیکڑوں افغانیوں کی جان لے لیتی ہیں۔

افغان نیوز ایجنسی آوا کی رپورٹ کے مطابق، فغانستان کے کئی صوبوں میں گزشتہ 5 روز کے دوران شدید سیلاب اور طوفان سے 32 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

سیلاب سے متاثر ہونے والے صوبوں میں قندھار، ہلمند، ہرات، بدخشاں، تخار، پروان، قندوز، میدان وردک، بغلان، بادغیز، فریاب اور جوزجان صوبے شامل ہیں۔

تاہم بغلان، پروان اور بادغیز سب سے زیادہ متاثر ہونے والے تین صوبے ہیں۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے نائب وزیر شرف الدین مسلم نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے فریاب اور پروان کے صوبوں کے ساتھ ساتھ دیگر مختلف علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ایک ویڈیو بیان میں شرف الدین مسلم نے کہا کہ ’10 صوبوں میں 18 سے 20 افراد لقمہ اجل بن گئے اور 900 سے زائد مکانات بھی تباہ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 2 افراد لاپتا ہیں جبکہ 30 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امدادی ٹیموں کو خیموں اور خوراک کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے اور حکام مرنے والوں کے خاندانوں میں نقد رقم تقسیم کر رہے ہیں۔

خیال رہے گزشتہ سال اگست میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے غیر ملکی امداد سے چلنے والی معیشت کی امدادی اسکیموں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

اس سال سیلاب ایسے وقت میں آیا ہے جب افغانستان میں ہفتہ کو رمضان کے روزے ختم ہونے کے بعد ملک میں عید الفطر کی چھٹیاں منائی جارہی تھی۔

واضح رہے کہ موسلادھار بارشیں ہر سال سیکڑوں افغانیوں کی جان لے لیتی ہیں۔

ٹیگس