پاکستان، غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافے پر عوام میں بے چینی
پاکستان میں بڑھتی مہنگائی اور غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافے پر عوام میں ناخوشی و تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔
پاکستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق ملک میں مہنگائی نے عوام کو دن میں تارے دکھا دیے ہیں اور ان کی تشویش و مسائل و مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔ لاہور میں آٹا، مرغ اور سبزیوں کے بعد گھی بھی مزید بیس روپے مہنگا ہو گیا۔
لاہور میں دالوں کی فی کلو قیمت میں بھی تیس روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے، لیموں ہزار روپے کلو ہوگئے جبکہ پیاز فی کلو ایک سو بیس روپے سے نیچے نہیں آ سکی۔
پشاور کی سبزی منڈی میں بھی قیمتوں میں من مانا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ سبزیوں پر چالیس سے پچاس روپے زائد وصول کیے جا رہے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق پشاور میں اسّی روپے نرخ کے باوجود ٹماٹر ایک سو بیس روپے فی کلو بیچا جا رہا ہے، آلو کے دام تیس روپے مگر اسکی ستر روپے میں فروخت جاری ہے۔ سبزی منڈی میں من مانے ریٹ وصول کئے جا رہے ہیں، جبکہ کہا جاتا ہے کہ ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔