May ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۵ Asia/Tehran
  •  مسجدالاقصی کو یہودیت کا رنگ نہیں دینے دیں گے: خالد مشعل

فلسطین سے باہر تحریک حماس کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ مسجدالاقصی پوری طرح ایک اسلامی مقدس مقام ہے اور ملت فلسطین اسے یہودیت کا رنگ دینے کی اجازت نہیں دے گی

 فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق فلسطین سے باہر تحریک حماس کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ ملت فلسطین مسجدالاقصی کو یہودیت کا رنگ دینے ، اسے تقسیم کرنے ، اسے منہدم کرنے یا اس میں غاصبوں کی کسی طرح کی سیاسی و دینی حکمرانی نافذ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

 خالد مشعل نے کہا کہ صیہونیوں کی سازشیں اب بھی جاری ہیں اورہم ملت فلسطین کو خبردارکرنا چاہتے ہیں کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے اورہوسکتا ہے کہ صیہونی ، آئندہ کسی موقع پر پھرمسجدالاقصی پرحملہ کریں۔

 تحریک حماس کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ دشمن سمجھتا تھا کہ غرب اردن میں ہرطرح کی مسلح استقامت روک کرفلسطینیوں کی زمینیں ہڑپنے ، صیہونی کالونیاں تعمیرکرنے اور مسجدالاقصی پرقبضہ کرنے کی راہ ہموارکرلے گا۔

خالد مشعل نے کہا کہ دشمن ماضی میں مسجدالاقصی کوزمان و مکان میں تقسیم کرکے اس میں یہودیوں کی  دینی حکمرانی قائم کرنا چاہتا تھا۔

تحریک حماس کے سربراہ نے کہا کہ غاصبوں نے جو اصطلاح رائج کی اور بعض یورپی سیاستداں بھی اسے استعمال کرنے لگے وہ یہ تھی کہ عبادت کے مقامات تک دسترس کی آزادی حاصل ہونا چاہئے جو ایک گمراہ کن اصطلاح ہے کیونکہ مسجدالاقصی پوری طرح ایک اسلامی مقام ہے اور اس پر صیہونیوں کا کوئی حق نہیں ہے۔

شہر بیت المقدس میں واقع مسجدالاقصی اسلامی و فلسطینی تشخص کی حامل ہے جسے غاصب صیہونی حکومت اپنے تباہ کن اقدامات کا نشانہ بناتی رہتی ہے۔

ٹیگس