شام میں خیمہ وطن لگانے کا اہتمام
شام کے تمام صوبوں میں عرب قبائل نے قومی آشتی سے متعلق حکومت کی کوششوں کی حمایت میں وطن کے نام سے خیمے لگائے ہیں۔
شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عرب قبیلوں کی جانب سے مختلف صوبوں میں یہ خیمے، وطن کے نام سے لگائے گئے ہیں جس کا مقصد ملک میں قومی آشتی سے متعلق حکومت کی کوششوں کی حمایت کرنا اور ملک کی تعمیرنو کے عمل کو تقویت پہنچانا ہے۔
اسی اثنا میں عرب و کرد قبائل نے الحسکہ کے زیر قبضہ علاقوں میں مکانات اور بستیوں کی تعمیر سے متعلق ترکی کے منصوبے کی شدید مذمت کی ہے۔
ان قبائل نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے میں آبادی کا نقشہ تبدیل کرنے کے مقصد سے ترکی کے حملوں اور شامی پناہ گزینوں کو بسانے کے لئے سازشی مکانات کی تعمیر کے منصوبے پر عمل کو رکوائیں۔
ان قبیلوں نے اسی طرح شام کے مقبوضہ علاقوں میں ان بستیوں کے قیام میں قطر اور کویت کی حمایت کے سلسلے میں عرب لیگ اور خلیج فارس تعاون کونسل سے مواقف اختیار کرنے کا مطالب بھی کیا۔
واضح رہے کہ ترکی نے دہشت گردوں کے خلاف مہم کا بہانہ بنا کر شام کے بعض شمالی اور شمال مشرقی علاقوں پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور ان علاقوں میں ترکی کے فوجی بھی تعینات ہیں جس پر شام کی حکومت نے بھی بارہا احتجاج کیا ہے۔