مسجدالاقصی پر صیہونیوں کی پھر یلغار
-
فائل فوٹو
صیہونی فوجیوں اور غیر قانونی طریقے سے بسائے گئے انتہا پسند صیہونیوں نے مسجد الاقصی میں دراندازی کر کے وہاں کے باب الأسباط کے قریب اپنے تلمودی مناسک انجام دئے۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق انتہا پسند صیہونیوں نے آج صبح مسلح باوردی دہشتگردوں کی مدد سے مسجد الاقصی پر دھاوا بول دیا۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے فلسطینی نماز گزاروں پر آنسو گیس کے شیل داغے اور ربر کی گولیاں چلائیں اور «القبلی» نماز خانہ کو فلسطینیوں پر بند کر دیا جبکہ مسجد الاقصی کے صحن سے ایک فلسطینی کو بھی اٹھا لے گئے۔
گذشتہ دنوں بھی صیہونی فوجیوں نے مسجد الاقصی پر دھاوا بول کر چار سو سے زیادہ فلسطینیوں کو گرفتارکیا تھا.
فلسطینی استقامتی گروہوں نے مسجد الاقصی میں صیہونیوں کے حالیہ جرائم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مسلح استقامت ہی واحد آپشن ہے جو صیہونی حکومت کو فلسطینی شہریوں کے خلاف جرائم جاری رکھنے سے روک سکتا ہے اور وہ ہرگز اس آپشن کو ترک نہیں کریں گے.