شان رسالت میں گستاخی کے خلاف قانون بنایا جائے : یمنی پارلیمنٹ
یمنی پارلیمنٹ نے ہندوستان کی برسراقتدارجماعت بی جے پی کے بعض لیڈروں کی جانب سے شان رسالت ص میں گستاخی کی مذمت کرتے ہوئے پیغمبراسلام ص کی اہانت کو جرم قرار دینے کے لئے بین الاقوامی قانون بنانے کا مطالبہ کیا ہے
یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق یمنی پارلیمنٹ نے ہندوستان کی برسراقتدارجماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان کی جانب سے پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفی ص کی شان میں گستاخی کئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے زور دے کر کہا ہے کہ اس طرح کی گستاخیوں سے توہین رسالت کی کوشش کرنے والے افراد کے اخلاقی انحطاط اور پستی کاپتہ چلتا ہے اور یہ مسلمانوں کے جذبات مجروح ہونے کا موجب ہے جو پوری طرح مسترد اور ناقابل برداشت ہے
یمنی پارلیمنٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ صرف پیغمبر اسلام ص کی توہین نہیں بلکہ اس کے ذریعے تمام مسلمانوں کو ہدف بنایا گیا ہے اور اس سلسلے میں حکومت ہندوستان کو واضح موقف اختیار کرنا چاہئے اور ذمہ داروں کو قرارواقعی سزا دینا چاہئے۔
یمنی پارلیمنٹ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اس طرح کی گستاخیوں کے سامنے بعض عرب اور مسلم ممالک کی خاموشی ہی اس طرح کی جسارتوں کا باعث بنی ہے، عرب اور مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں یمنی پارلیمنٹ نے اس طرح کی توہین کو جرم قرار دینے کے لئے بین الاقوامی قانون بنائے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔
ہندوستان میں برسراقتدار جماعت بی جے پی نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ہم تمام ادیان کا احترام کرتے ہیں اور اس آئیڈیالوجی کے مخالف ہیں جوکسی بھی دین و عقیدے کی توہین کرتی ہے اور ہندوستان کے آئین میں تمام ادیان کے احترام کے ساتھ ہی عقیدے کی آزادی دی گئی ہے ۔
بی جے پی کی ترجمان نوپرشرما کے بیان اور جیندل کے ٹوئٹ کے بعد جس میں انھوں نے پیغمراسلام ص کی شان میں گستاخی کی تھی ، سوشل میڈیا کے اکثر صارفین نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور ہندوستانی حکومت سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔
سوشل میڈیا کے صارفین نے نپرشرما کے بیان اور جندال کے ٹوئٹ پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے بی جے پی کی ترجمان کے اس اقدام کو نریندرمودی حکومت کی اسلام دشمن اور انتہاپسندانہ پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا ۔
ہندوستان کی برسراقتدارجماعت کے ترجمان کی شان رسالت ص میں گستاخی اور اس کے نتیجے میں ملکی اورعالمی سطح پر شدید احتجاج کے بعد بی جے پی نے اپنی قومی ترجمان نپور شرما اور دہلی میں بی جے پی کے میڈیا سیل کے انچارج نوین کمار جیندل کوپارٹی سے معطل اور برخاست کردیا ہے۔