ٹی ٹی پی کے خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کرنے کا دعوی
پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے تحریک طالبان پاکستان کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق، ٹی ٹی پی کے اس دہشت گرد کی گرفتاری پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ضلع غربی سے عمل میں آئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم، سی ٹی ڈی کی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا اور اس نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سعودی عرب میں روپوشی بھی اختیار کر رکھی تھی۔
ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے اس دہشت گرد کی گرفتاری ایسے وقت عمل میں آئی جب میڈیارپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات کا عمل افغانستان میں مکمل ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک طالبان پاکستان اور حکومت اسلام آباد کے درمیان یہ مذاکرات افغان طالبان کی ثالثی میں افغانستان میں ہو رہے ہیں۔