عراق، سیکورٹی فورسز کا آپریشن، داعش کے 6 خفیہ ٹھکانے تباہ
عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے ایک خاص آپریشن کے دوران مرکزی عراق میں داعش کے 6 ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام : عراقی سیکورٹی اور فوجی دستوں نے انٹیلی جنس اور فیلڈ آپریشن میں داعش دہشت گردوں کے چھ ٹھکانے دریافت کر کے انہیں تباہ کر دیا۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، عراقی سیکورٹی کے میڈیا شعبے نے پیر کے روز صوبہ صلاح الدین میں داعش دہشت گردوں کے چھ ٹھکانوں کو دریافت اور تباہ کرنے کا اعلان کیا۔
موازین نیوز ویب سائٹ کے مطابق عراقی وزارت داخلہ سے وابستہ ریپڈ ایکشن بریگیڈ کی کمانڈ فورسز نے عراقی فضائیہ کے تعاون اور ہم آہنگی سے مغرب میں وادی المحاسن کے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے بڑے علاقوں کو کلیئر کرالیا۔
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران داعش دہشت گردوں کے چھ ٹھکانے دریافت کر کے تباہ کر دیے گئے جن میں مواصلاتی آلات، خوراک، رسد کا سامان اور دھماکہ خیز مواد شامل ہیں۔
دوسری جانب عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی میں آپریشن سینٹرل فرات کی کمان نے اعلان کیا ہے کہ رضاکار فورس نے سعودی سرحد کی طرف جانے والے صحراؤں میں حاجیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے 160 کلومیٹر کا علاقہ خالی کرا لیا گیا ہے۔ آپریشن سینٹرل فرات کے کمانڈر علی الحمدانی کے مطابق کسی بھی دہشت گردانہ حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے آپریشن میں ڈرون اور تھرمل کیمروں کا استعمال کیا گیا۔