Jul ۲۳, ۲۰۲۲ ۱۴:۰۶ Asia/Tehran
  • بحرین: شیخ علی سلمان کی فوری رہائی کا مطالبہ

بحرینی عوام نے اپنے ملک کی سب سے بڑی سیاسی اپوزیشن جماعت جمعیت الوفاق کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان کی رہائی کے حق میں سوشل میڈیا پر ایک غیر معمولی کمپئین چلائی ہے جس کے بعد ٹوئٹر پر شیخ علی سلمان کی حمایت میں صارفین کا سیلاب امڈ پڑا ہے

بحرین اور دیگر عرب ملکوں کے دسیوں ہزار سوشل میڈیا  صارفین نے بحرین کی جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان سے جو آل خلیفہ کی حکومت کی جیل میں بند ہیں اپنی گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے  -

آل خلیفہ حکومت نے شیخ علی سلمان کو دسمبر دوہزار چودہ سے جیل میں بند کررکھا ہے اور جنوری دوہزار انیس میں بحرین کی شاہی حکومت کی نمائشی عدالت نے انہیں قطر کے لئے جاسوسی کرنے جیسے بیہودہ اورغلط الزام کے تحت عمر قید کی سزا سنادی - ظالمانہ عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اس فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل نہیں ہوسکے گی -

بحرین اور دیگر عرب ملکوں کے ٹوئٹر صارفین اور سوشل میڈیا پر سرگرم کارکنوں نے شیخ علی سلمان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے - سوشل میڈیا کے صارفین نے اسی طرح شیخ علی سلمان کی تقریروں کے ایسے ویڈیوز بھی شیئر کئے ہیں جن میں وہ ملک میں سیاسی اصلاحات اور انصاف کے قیام کی باتیں کررہے ہیں -

سوشل میڈیا کے صارفین کا کہنا ہے شیخ علی سلمان کا جرم یہی ہے کہ انہوں نے ملک میں سیاسی اصلاحات اور عدل و انصاف کے قیام کا مطالبہ کیا تھا - 
بحرین کی سب سے بڑی سیاسی اپوزیشن جماعت جمعیت الوفاق کے نائب سربراہر شیخ حسین الدعیجی نے بھی اس سلسلے میں کہا کہ شیخ علی سلمان کو گرفتار کرکے انہیں انتیس سال قید کی سزا سنانے کے شاہی حکومت کی عدالت کے فیصلے سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ آل خلیفہ کی عدالتیں نہ صرف آزاد نہیں ہیں بلکہ ان کے سارے فیصلے جھوٹ اور بد دیانتی پر مبنی ہوتے ہیں۔

جمعیت الوفاق بحرین کے ایک اور مرکزی رہنما ابراہیم الدرازی نے بھی اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا کہ شیخ علی سلمان ایک عالمی شخصیت ہیں جو قومی اتحاد پر زور دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم یہ بات پورے وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ شیخ علی سلمان پر جو بھی الزامات لگائے گئے ہیں وہ من گھڑت اور غلط اطلاعات و معلومات کی بنیاد پر ہیں ۔

بحرین کی  انسانی حقوق کی تنظیم کے سربراہ باقر درویش نے بھی اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا کہ بحرینی عوام کو شیخ علی سلمان کی شخصیت اور ان کی شجاعت و پائمردی اور صبر و حوصلے کی ضرورت ہے - بحرین کی ڈیموکریسی اور حقوق نامی ادارے کے سربراہ احمد الودایی نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے پیغام میں لکھا کہ شیخ علی سلمان کی رہائی کا مطالبہ محض عوامی مطالبہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک عالمی مطالبہ ہے اور عالمی اداروں منجملہ  اقوام متحدہ نے بھی بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ شیخ علی سلمان کو جلد سے جلد رہا کیا جائے - انہوں نے کہا کہ شیخ علی سلمان جتنا وقت بھی جیل میں گذار رہے ہیں وہ آل خلیفہ حکومت کی پیشانی پر بدنماداغ کے طور پر گہرا ہوتا جارہا ہے ۔
بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سے سیاسی اصلاحات کے حق اور تفریق کے خاتمے کے لئے عوام کی پرامن تحریک جاری ہے اور لوگ آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر اور موروثی حکومت کی جگہ ایک جمہوری حکومت کے قیام  کا مطالبہ کررہے ہیں اس عرصے میں ہزاروں بحرینی شہریوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے اور بہت سے مظاہرین کی شہریت بھی سلب کرلی گئی ہے۔

ٹیگس