غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کا حملہ، ایک شہید، ایک رہنما گرفتار+ ویڈیو
صیہونی فوجیوں نے غرب اردن میں فلسطینیوں پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔
فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی فوجیوں نے غرب اردن میں واقع جنین کالونی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے مابین جھڑپیں ہوئیں جس کے دوران ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت صیہونی فوجیوں نے جنین کالونی پر حملہ کیا تو اسی کے ساتھ ہی دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔
دوسری جانب فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے فلسطین کی جہاد اسلامی تنظیم کے رہنما کے گھر پر حملہ کر کے بسام السعدی کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بسام السعدی صیہونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی ہوگئے تھے اور اس وقت ان کی صحت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ چند مہینوں کے دوران غاصب صیہونی افواج کے مظالم اور بربریت میں شدت پیدا ہوگئی ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام کو اپنے مسلمّہ حق سے باز رکھنا ہے۔