Aug ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۸ Asia/Tehran
  • او آئی سی کو مظلوم فلسطینی یاد آ ہی گئے

او آئی سی کو آخر کار مظلوم فلسطینیوں کی یاد آ ہی گئی اور اُس نے مقبوضہ فلسطین کے نابلس علاقے صیہونی جارحیت کی مذمت کی ہے جبکہ غزہ پر ہوئی حالیہ جارحیت پر اُس نے کوئی ردعمل نہیں دکھایا۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے۔ او آئی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے جارحانہ حملوں میں 4 فلسطینیوں کو شہید اور 40 کو زخمی کرنے کا اقدام قابل مذمت ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم نے نابلس میں فلسطینیوں کی املاک اور مکانات کو تباہ کرنے کے اسرائیلی اقدام کی بھی مذمت کی ہے۔

مغربی کنارے کے شہر نابلس میں غاصب اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ابراہیم النابلسی، اسلام صبوح، حسین جمال طه اور ایک اور فلسطینی نوجوان شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطینی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے چار فلسطینیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل غزہ میں صیہونی جارحیت میں 46 فلسطینی شہید اور 360 زخمی ہوئے تھے، جبکہ استقامتی محاذ کے راکٹ اور میزائلی حملوں میں 60 صیہونی زخمی ہوئے۔

ٹیگس