Aug ۲۵, ۲۰۲۲ ۲۳:۳۵ Asia/Tehran
  • شام، امریکی اڈے پر دوسری بار حملہ

شام میں امریکی اڈے پر دوسری بار حملے کی خبر ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: مشرقی شام میں 2 امریکی اڈوں پر گزشتہ رات کے راکٹ حملوں کے بعد شام کے سرکاری ذرائع نے اعلان کیا کہ ملک کے مشرق میں واقع امریکی اڈے کو دوسری بار نشانہ بنایا گیا۔

فارس خبر رساں ایجنسی کے مطابق شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے جمعرات دوپہر کے وقت اعلان کیا کہ صوبہ دیر الزور میں واقع "کونیکو" آئل و گیس فیلڈ میں امریکی اڈے کو دوسری بار راکٹ حملے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

سانا کے رپورٹر نے صوبہ دیر الزور کے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کونیکو اسکوائر میں امریکی اڈے پر راکٹ حملے کے بعد اس بیس میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس حملے میں جانی نقصان ہوا ہے یا نہیں۔

مذکورہ ذرائع نے مزید کہا کہ امریکی افواج نے فوری طور پر علاقے کا محاصرہ کر لیا اور اس کارروائی کے ساتھ ہی امریکی فوجی ڈرون طیارے حملے کی جگہ پر اڑنے لگے۔

یہ رپورٹ اس وقت شائع ہوئی ہے جب گزشتہ رات مشرقی شام میں "العمر" آئل فیلڈ اور "کونیکو" گیس فیلڈ میں امریکی فوج کے دو فوجی اڈوں کو راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔

ٹیگس