Aug ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • جنین میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں میں شدید جھڑپ

غرب اردن کے شمال میں واقع جنین میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں کئی فلسطینی نوجوان ز خمی ہوئے ہیں

الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غرب اردن کے شمال میں واقع جنین میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں کئی فلسطینی نوجوان زخمی ہوئے ہیں۔
شہاب نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں شہر جنین کے حیفا روڈ پر فلسطینی نوجوانوں نے بھی صیہونی فوجیوں پر فائرنگ کی ہے۔
دوسری جانب صیہونی ذرائع نے کوخاف یعکوف صیہونی قصبے پر بھی فائرنگ کی خبر دی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران صرف غرب اردن میں فلسطینی نوجوانوں اور غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کے حملے میں ایک فلسطینی شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی شہریوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے دشمنانہ اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور غاصب صیہونی حکومت کے فوجی آئے دن فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں روزانہ فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے اور یا پھر ان فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا جاتا ہے جس کے جواب میں فلسطینیوں کی جانب سے بھی کارروائیاں انجام پاتی ہیں۔
دریں اثںا فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے علاقے میں مختلف عرب و اسلامی ملکوں میں صیہونی حکومت کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ پر سخت خبردار کیا ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے ترکیہ کے شہر استنبول میں ترکیہ کی حزب سعادت کے سربراہ تمل کاراملا اوغلو سے ملاقات میں بیت المقدس سمیت فلسطین کے تمام مقبوضہ علاقوں کی تازہ ترین صورت حال، مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی سازشوں ، فلسطینی پناہ گزینوں اور دیگر ملکوں میں فلسطینی پناہ گزینوں کی موجودہ صورت حال کے بارے میں بات چیت کی.

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اسی طرح علاقے کی قوموں کا مستقبل تباہ کرنے کے لئے تشکیل پانے والے ساز باز کے اتحاد پر بھی سخت متنبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے حالیہ برسوں کے دوران علاقے کے مختلف ملکوں منجملہ عرب ممالک اور ترکیہ میں اپنا اثر و رسوخ زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لئے بے انتہا سازشیں اور انتھک کوششیں کیں۔ 

ٹیگس