مسجدالاقصی پر صیہونیوں کے حملے کے بارے میں جہاد اسلامی اور حماس کا انتباہ
مزاحمتی فلسطینی تنظیموں جہاد اسلامی اور حماس نے مسجد الاقصی پر صیہونی آبادکاروں کی یلغار اور قبلہ اول کی بے حرمتی کے نتائج کی بابت سخت انتباہ دیا ہے۔
سما ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان طارق عزالدین نے غرب اردن میں کہا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی پر غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں کی جارحیت جاری رہی تو خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں کہ جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
انھوں نے کہا کہ جب سے فلسطین پر غاصبانہ قبضہ ہوا ہے اس وقت سے یہ پہلی بار ہے کہ باب الاسباط سے مسجد الاقصی پر صیہونی آباد کاروں نے حملہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اور بیت المقدس کے شہریوں کی استقامت و مزاحمت کی بنا پر مسجد الاقصی کی زمان و مکان کے اعتبار سے تقسیم کا غاصب صیہونی حکومت کا ناپاک و شرمناک منصوبہ کبھی پورا نہیں ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کے قبلہ اول کے خلاف اس غاصب حکومت کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان طارق عز الدین نے کہا کہ صیہونیوں کے سازشی منصوبے اس بات کے متقاضی ہیں کہ فلسطینی ہر سطح پر مکمل طور پر تیار اور چوکس رہیں ۔ انھوں نے غرب اردن کے شہریوں اور پوری فلسطینی قوم نیز سن انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں کے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مسجد الاقصی میں مستقل طور پر وسیع پیمانے پر موجودہ رہیں تاکہ صیہونیوں کے کسی بھی منصوبے کو کامیاب نہ ہونے دیا جا ئے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے بھی سخت متنبہ کیا ہے کہ صیہونی انتہا پسندوں کی جانب سے باب الاسباط کی جانب سے پہلی بار مسجد الاقصی کو جارحیت کا نشانہ بنایا گیا ہے جو ایسا خطرناک اقدام ہے کہ جس کے نتائچ کی ساری ذمہ داری غاصب صیہونی حکومت پر عائد ہوگی ۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ غاصب صیہونیوں نے مسجدالاقصی کے خلاف اشتعال انگیزی اور اس مقدس مقام کی بے حرمتی اور اسے جارحیت کا نشانہ بنانے کا عمل تیز تر کر دیا ہے ۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے کہا کہ فلسطینی مجاہدین غاصب صیہونی حکومت کا کوئی ایسا منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے جو مسلمانوں کے قبلہ اول کے خلاف تیار کیا جائے ۔
دوسری جانب غرب اردن میں فلسطینی نوجوانوں اور غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کے درمیان مسلح جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
عبری زبان کے اخـبار یدیعوت احارا نوت نے رپورٹ دی ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے رام اللہ کے قریب صیہونی فوجیوں کی ایک چوکی کو اپنی فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے ۔ اسرائیل کے ٹی وی چینل چودہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ غرب اردن میں عوفرا اور اسی طرح یتسہار میں فلسطینیوں نے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں ان پر فائرنگ کی ۔
عبری ذرائع کے حوالے سے فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ رام اللہ میں نبی صالح کے نفیہ تسوف صیہونی علاقے کے قریب صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی پر صیہونی فوجیوں اور انتہا پسند آبادکاروں کی جارحیت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور وہ اس مسجد کی بے حرمتی کرتے رہتے ہیں اور بلااجازت اس مسجد میں داخل ہوجاتے ہیں ۔