Sep ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۶:۵۴ Asia/Tehran
  • فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے سیاسی بنیادوں پر گرفتاریوں کے خلاف فلسطینیوں کا مظاہرہ

فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے سیاسی بنیادوں پر گرفتاریوں کے خلاف فلسطینی شہریوں نے رام اللہ شہر میں احتجاجی اجتماع کیا۔

رپورٹ کے مطابق، مظاہرے میں ان فلسطینیوں کے گھر والوں نے بڑے پیمانے پر شرکت کی تھی جنہیں فلسطینی انتظامیہ کے خلاف سیاسی اقدامات کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ مظاہرین غیرقانونی گرفتاریوں اور سیاسی قیدیوں پر تشدد کے خاتمے اور ان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس دوران مظاہرین فلسطینی انتظامیہ کے سیکیورٹی حکام کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔

اس موقع پر ایک فلسطینی قیدی کی بہن اسما ہریش نے بتایا کہ فلسطینی شہریوں کو چالیس دن سے سیکیورٹی اہلکاروں کی حراست میں رکھا گیا ہے اوروکیلوں کو بھی ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے۔

اسما ہریش نے مزید کہا کہ وکیلوں کو اطلاع دیئے بغیر قیدیوں کو دوسرے قیدخانے میں منتقل کردیا گیا۔ 

واضح رہے کہ فلسطینی عوام، انسانی امور کی تنظیموں اور سیاسی دھڑوں کے مطالبے کے باوجود فلسطینی انتظامیہ تل ابیب کے ساتھ سیکورٹی تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔  محمود عباس کی قیادت میں فلسطینی انتظامیہ، صیہونی مخالف مظاہروں کو روکنے کے لئے، فلسطینی سیاسی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو گرفتار اور انہیں تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔

ٹیگس