Sep ۰۴, ۲۰۲۲ ۲۳:۱۲ Asia/Tehran
  • شام میں امریکا کی سازش، تیسرا فوجی اڈہ بنایا

امریکی اتحاد نے شام کے شہر القامشلی میں تیسرا فوجی اڈہ بنا لیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا:  امریکہ کی قیادت میں داعش مخالف نام نہاد بین الاقوامی اتحاد نے ایک غیر قانونی کارروائی کرتے ہوئے شمال مشرقی شام میں القامشلی کے مضافات میں ایک نیا فوجی اڈہ بنا لیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی اتحادی افواج نے شمال مشرقی شام میں واقع شمالی الحسکہ میں القامشلی شہر کے مضافات میں ایک نیا فوجی اڈہ تعمیر کیا جو اس علاقے کا تیسرا اڈہ ہے۔

العربی الجدید ویب سائٹ نے اطلاع دی ہے کہ امریکی افواج نے القامشلی کے جنوب مغرب میں تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں نقارہ میں ایک فوجی اڈہ بنایا ہے جو اس علاقے میں تیسرا اڈہ ہے۔

اس علاقے میں امریکا کا دوسرا فوجی اڈہ ہیمو علاقے میں واقع ہے جبکہ ایک اور فوجی اڈہ القامشلی ہوائی اڈے کے قریب تل فارس گاؤں میں واقع ہے۔

نئے اڈے کی اہمیت اس حقیقت میں مضمر ہے کہ یہ روسی افواج کے زیر کنٹرول القامشلی ہوائی اڈے کے قریب واقع ہے اور اسے شمال مشرقی شام میں بین الاقوامی اتحادی افواج کا اہم اڈہ سمجھا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس اڈے کی تعمیر عراق کے کردستان علاقے سے فوجی ساز و سامان اور گولہ بارود کی منتقلی کے ساتھ ہی انجام پائی ہے اور جمعے کے روز ایک اور فوجی سازوسامان لئے ایک کارواں اس علاقے میں بھیجا گیا۔

شام کے شمال اور مشرق میں امریکی فوجی تعینات ہیں اور العمر آئل فیلڈ اور التنف، امریکا کے دو بڑے فوجی اڈے ہیں۔

ٹیگس