احمد الجولانی: دمشق اپنے تعلقات کو ازسرِ نو متعین اور منظم کر رہا ہے
شام کے عبوری صدر احمد الشرع المعروف ابو محمد الجولانی نے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتین سے ملاقات میں کہا کہ دمشق اپنے تعلقات کو ازسرِ نو متعین اور منظم کر رہا ہے تاکہ شام اور خطے میں پائیدار استحکام حاصل کیا جا سکے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: روسی خبر رساں ادارے روسیا الیوم کے مطابق، الشرع نے کہا کہ شام اور روس کے درمیان مضبوط تعاون کے پل قائم ہیں جن میں اقتصادی تعاون بھی شامل ہے۔
انہوں نے اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دمشق تمام سابقہ معاہدوں کا احترام کرتا ہے اور دونوں ملکوں کے مفاد میں تعلقات کو ازسرِ نو استوار کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے صدر پوتین کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شام ایک نئے تشخص کے ساتھ دنیا میں اپنا تعارف کرانا چاہتا ہے اور روس ان ممالک میں شامل ہے جن کے ساتھ دمشق کے تاریخی و مثبت تعلقات ہیں۔
الشرع کے مطابق، شام اس وقت باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اپنی خارجہ پالیسی کو ازسرِ نو تشکیل دے رہا ہے، اور حکومت کی اولین ترجیح شام اور پورے خطے میں استحکام کا قیام ہے۔
ذرائع کے مطابق، جولانی بدھ کی صبح روسی حکام سے ملاقات کے لیے ماسکو پہنچے، اور اس دورے کا مقصد شام اور روس کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔