اقوام متحدہ سے ہزارہ برادری کی نسل کشی روکنے کا مطالبہ
افغانستان کی حزب وحدت اسلامی کے رہنما نے ہزارہ برادری کی نسل کشی روکنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری خاص طور سے اقوام متحدہ سے اس بارے میں خاص توجہ دینے کی ضرورت پرزور دیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: افغانستان کی شفقنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب وحدت اسلامی کے رہنما محمد کریم خلیلی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہر چند کہ کاج تعلیمی سینٹر میں ہونے والا خودکش دھماکہ ہولناک تھا اور اس سانحہ کا شکار ہونے والوں کے اہلخانہ اوراسی طرح ہزارہ برادری کیلئے اس غم سے نکلنا بہت مشکل اور دشوار ہے تاہم متحد ہو کر انصاف کے مطالبہ کیلئے جدوجہد تسلی بخش اور بہتر مستقبل کی نوید ہے۔
محمد کریم خلیلی نے توقع ظاہر کی کہ لاکھوں لوگوں کی جانب سے آواز بلند کرنے سے عالمی اداروں اور عالمی امن کے داعیوں کی توجہ افغانستان میں ہزارہ برادری اور شیعہ مسلمانوں کی ابترصورتحال پرمبذول ہو گی۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز کابل کے کاج تعلیمی سینٹر میں ہونے والے دہشت گردانہ خودکش دھماکے میں 50 سے زائد افراد شہید جبکہ 100 افراد زخمی ہوئے ۔
شہید ہونے والوں میں تینتالیس لڑکیاں اور دو لڑکے شامل ہیں جبکہ کئی افراد کی شناخت ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔
گزشتہ مہینوں کے دوران افغانستان کے مختلف علاقوں خاص طور پر کابل میں دہشت گردانہ حملوں اور دھماکوں میں تیزی آئی ہے اور طالبان انتظامیہ سیکیورٹی برقرار کرنے کے اپنے تمام دعوؤں کے باوجود اس طرح کے حملوں کو نہیں روک سکی ہے- کابل میں زیادہ تر دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی ہے جبکہ طالبان اس گروہ کو افغانستان کے لئے خطرہ نہیں سمجھتے۔