نابلس پر صیہونی فوجیوں کا حملہ، 4 فلسطینی شہید و زخمی
صیہونی فوجیوں نے غرب اردن میں حملہ کرکے 4 فلسطینیوں کو شہید و زخمی کردیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شہاب نیوز کی رپورٹ کے مطابق، غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے غرب اردن کے شہر نابلس میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان «علاء الزغل» سر میں گولی لگنے سے شہید ہو گیا۔ اس فائرنگ میں 3 فلسطینی شدید زخمی ہوئے۔
کہا جا رہا ہے کہ یہ جھڑپیں صیہونی فوجیوں کی جانب سے فلسطینی مجاہد «سلمان عمران» کے گھر کا محاصرہ کرنے کے بعد شروع ہوئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی غاصب صیہونی فوجیوں اور انتہا پسند یہودیوں کے غرب اردن کے شہر نابلس کے اطراف میں ہونے والے حملے میں37 فلسطینی زخمی ہو ئے تھے۔
فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی کے بیان میں آیا ہے کہ جنوبی نابلس کے علاقے بیتا میں صیہونی فوجیوں کی فلسطینی نوجوانوں سے جھڑپیں ہوئیں اور اسرائیلی فوجیوں نے ان پر فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل داغے۔ جبکہ صیہونی کالونیوں کے یہودیوں نے فلسطینیوں کی گاڑیوں پر پتھراو کیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ چند مہینوں کے دوران غاصب صیہونی فوجیوں کے مظالم اور بربریت میں شدت پیدا ہوگئی ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام کو اپنے مسلمّہ حقوق کے لئے احتجاج سے باز رکھنا ہے۔