طالبان اور حماس ایک پیج پر
افغان طالبان کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین امت اسلامی کا اہم مسئلہ ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام :تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح الله مجاهد نے ترکیہ میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیه سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے موقع پر ذبیح الله مجاهد نے کہا کہ مسئلہ فلسطین امت اسلامی کا اہم مسئلہ ہے اور ہم اسرائیل کے مقابلے میں فلسطینی کاز کی حمایت کرتے ہیں۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماوں نے افغانستان اور فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل بھی متعدد بار افغان طالبان نے قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے خلاف اپنے ٹھوس موقف کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ فلسطین کے مختلف علاقوں خاص طور سے نابلس اور رام اللہ میں قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران غرب اردن کے شہر نابلس میں صیہونی فوجیوں نے وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے کم سے کم چھے فلسطینیوں کو شہید کردیا ، چھے فلسطینیوں کی شہادت پر فلسطین میں عام ہڑتال کی جا رہی ہے اور لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر زبردست احتجاج کیا اور صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فلسطینیوں کی حمایت کا مطالبہ کیا۔