Oct ۲۹, ۲۰۲۲ ۲۰:۲۷ Asia/Tehran
  •  مقبوضہ جولان کو واپس لے کر رہیں گے: شام

شام کو یہ حق حاصل ہے کہ مقبوضہ جولان کو انیس سو سڑسٹھ کی سرحدوں تک واپس لینے کے لئے عملی اقدام کرے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  اس بات کا اعلان اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بسّام صباغ نے کیا ہے۔

انہوں نے صاف الفاظ میں کہہ دیا کہ جولان کو واپس لینا شام کا مسلّمہ حق ہے جس پر نہ تو مول بھاؤ کیا جائے گا نہ ہی اس موقف سے پیچھے ہٹنے کا امکان ہے۔ 
بسام صباغ نے کہا ہے کہ مقبوضہ سرزمینوں کے سلسلے میں دمشق کا موقف تبدیل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ شام مقبوضہ سرزمینوں کی مکمل آزادی اور بیت المقدس کی مرکزیت پر مبنی فلسطینی حکومت کی تشکیل تک فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ 
بسام صباغ نے شام پر صیہونیوں کے مسلسل حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے دہشت گرد گروہوں کے مقابلے میں ہماری فوج کی طاقت کو کم کرنے کے لئے کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے شام کے شہری مراکز پر صیہونیوں کے مسلسل فضائی اور میزائلی حملوں کو علاقے بلکہ پوری دنیا کے امن و امان کے لئے سنجیدہ خطرے کا باعث قرار دیا۔ 
واضح رہے کہ صیہونی فوج نے گذشتہ برسوں کے دوران متعدد بار لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام کے مختلف علاقوں بالخصوص دمشق پر میزائلی حملہ کیا ہے۔

ٹیگس