Nov ۲۳, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۴ Asia/Tehran
  • ترکیہ میں 6.1 شدت کا زلزلہ، 22 افراد زخمی

ترکیہ کے شمال مغربی علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔

سحر نیوز/عالم اسلام: غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق استنبول کے مشرق میں تقریباً 210 کلومیٹر (130 میل) دور ترکیہ کے مغربی علاقے میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں 22 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہوئیں۔ ایک شخص نے خوف زدہ ہوکر عمارت سے چھلانگ بھی لگائی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور اس کی حالت تشویش ناک ہے۔

موصولہ تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ زلزلے کے بعد کئی شہری اپنے گھروں سے باہر سڑکوں پر نکل آئے اور کئی شہری سردی سے بچنے کے لیے کمبل یا چادر میں لپٹے ہوئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث صوبے ڈوزے میں اسکول بند رہیں گے۔

وزیرداخلہ سلیمان سولیو نے بتایا کہ زلزلے کے باعث چند گودام تباہ ہوئے اس کے علاوہ بھاری نقصان یا عمارت گرنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یورپی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی جب کہ زلزلے کا مرکز صوبہ ڈوزے کے شہر آئیدن پنار سے 15 کلومیٹر دور ریکارڈ کیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ترکیہ میں استنبول اور انقرہ کے علاوہ بلغاریہ، قبرص، یونان، رومانیہ، برطانیہ اور یوکرین میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جب کہ 18 آفٹر شاکس بھی اب تک محسوس کیے جا چکے ہیں۔

زلزلے کی وجہ سے استنبول شہر کی بجلی بھی معطل رہی جب کہ علاقے میں بجلی منقطع ہونے کے ساتھ ساتھ کچھ رہائشیوں کے بالکونیوں سے چھلانگ لگانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ٹیگس