Dec ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۳:۲۱ Asia/Tehran
  • فلسطینی مجاہدین کی صیہونیت مخالف جوابی کارروائی

فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں غرب اردن کے شہر رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع ایک صیہونی علاقے کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں غرب اردن کے شہر رام اللہ کے شمال مشرق میں صیہونی علاقے عوفرا کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ عزالدین قسام بریگیڈ کے جوانوں نے غرب اردن میں واقع جنین کیمپ کے اطراف میں تعینات صیہونی فوجیوں کو اپنے جوابی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
اس سے قبل صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے بعد علاقے میں فلسطینی جوانوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
ان دنوں مقبوضہ علاقوں اور خاصطور سے غرب اردن کے مختلف علاقوں کی صورت حال نہایت کشیدہ بنی ہوئی ہے اور فلسطینی مجاہدین ہر طریقے سے غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دے رہے ہیں جس سے صیہونی حکام کی تشویش بڑھتی جا رہی ہیں اور ان کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔
فلسطینی مجاہدین کے جوابی حملوں کے بعد صیہونی حکام نے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بھی بجا دیئے جس سے صیہونی غاصبوں میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
فلسطینی مجاہدین نے مقبوضہ علاقوں میں مختلف مقامات کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔ 
غاصب صیہونی حکومت کے فوجی اپنے شرمناک اور توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لئے آئے دن فلسطین کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں روزانہ فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے اور یا پھر اس کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
اس درمیان غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کی تازہ جارحیت میں گیارہ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں ۔
دوسری جانب فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے پیر کی رات نابلس کے جنوب میں اوصرین نامی علاقے کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا اور فلسطینیوں کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا اوراندھادھند فائرنگ کی۔
فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے اعلان کیا ہے کہ اوصرین میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں اب تک گیارہ فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
پیر کی صبح غرب اردن کے جنوب میں واقع بیت اللحم میں الدہیشہ کیمپ پر صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ جارحیت میں عمر مناع نامی ایک فلسطینی جوان شہید اور چھے دیگر زخمی ہوئے۔
صیہونی فوجیوں کی اس جارحیت کے بعد فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں مقبوضہ فلسطین میں صیہونی جارحیت کے مقابلے میں تحریک مزاحمت کی کارروائیاں مزید تیز کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

ٹیگس