مراکش کی جیت پر مسلم اور عرب دنیا میں انوکھا جشن
منگل اور بدھ کی درمیانی رات مراکش کی شاندار جیت کے بعد مراکش کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور شائقین نے جوش و ولولے کے ساتھ فلسطین کے پرچم لہرا دیئے۔
سحر نیوز/ دنیا: مراکش کے عوام کی خوشی کا مشاہدہ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی تصاویر اور ویڈیو کلپس میں بھی بھرپور طریقے سے نظر آیا ۔ مراکش اور قطر میں مقیم مراکشیوں نے سڑکوں پر نکل کر جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور اپنے اور فلسطین کے پرچم کے ساتھ ساتھ دل و جان فلسطین پر قربان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
مراکش کی جیت سے پوری عرب دنیا اور اسلامی ممالک میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی اور تقریبا تمام عرب ممالک میں مراکش کے جیتنے اور فلسطین کا پرچم بلند ہونے کی خوشی، جم کر منائی گئی ۔ پری کوارٹر فائنل میں اسپین جیسی نامور ٹیم کو ہرانے کے بعد مراکش کی ٹیم کی یادگار تصویر میں بھی فلسطین کا پرچم کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں دکھائی دے رہا ہے۔
اس ٹیم کے گول کیپر یاسین بانونو کی شاندار پرفارمنس کو مراکش کی کامیابی کی اصل وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کل رات کی جیت کے بعد مراکش وہ تیسرا افریقی ملک بن گیا جو ورلڈ کپ کی پوری تاریخ میں کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس سے قبل سن دو ہزار دو میں سینیگال اور دو ہزار دس میں گھانا نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔