مصر میں درد ناک کار حادثہ، قطر کے تین سفارت کار ہلاک
اطلاعات کے مطابق مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ میں ہونے والے درد ناک حادثے میں تین قطری سفارت کار ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق مصر کے ساحلی و تفریحی شہر شرم الشیخ میں قطر کے تین سفارت کار ہلاک ہوگئے ہیں۔ قاہرہ میں قطری سفارت خانے کے مطابق کار میں پانچ قطری موجود تھے اور ڈرائیور مصری تھا۔ اس حادثے میں دو قطری زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمیوں کو علاج کے لئےشرم الشیخ انٹرنیشنل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ایک کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
اتوار کو ایک بیان میں، قطری سفارت خانے نے بتایا کہ تینوں افراد امیری دیوان کے لئےکام کرتے تھے، جو امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آلثانی کا انتظامی دفتر ہے۔ سفارت خانے نے اس واقعے کو المناک ٹریفک حادثہ قرار دیا ہے۔
بیان میں قطری سفارت خانے نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مصر کے شرم الشیخ شہر میں چند دن پہلے ہی غزہ میں جنگ بندی کے لئے غاصب اسرائیل اور اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے درمیان مذاکرات اور فریقین کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔ غزہ جنگ کے خاتمے کے سلسلے میں ہی پیر کو شرم الشیخ شہر میں ایک عالمی امن کانفرنس کے انعقاد کا پروگرام ہے جس کا مقصد معاہدے کو حتمی شکل دینا ہے۔
الجزیرہ چینل کے مطابق مصری صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کانفرنس میں 20 سے زیادہ ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔
مصری صدر کے دفتر کے بیان کے مطابق اس کانفرنس کا مقصد غزہ کی پٹی میں جنگ ختم کرنا، مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے حصول کی کوششوں کو مضبوط بنانا اور علاقائی سلامتی و استحکام کے ایک نئے دور کا آغاز کرنا ہے۔