کیا فلسطین ورلڈکپ جیت رہا ہے؟
قطر ورلڈکپ کی رودادوں اور کھیل کے میدانوں میں موجود شائقین کی جانب سے فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کو دیکھتے ہوئے بلاشبہ فلسطین کو ورلڈکپ کا اصل فاتح قرار دیا جاسکتا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: جیسے جیسے قطر ورلڈکپ اپنے آخری مرحلے میں پہنچ رہا ہے خطے کے مسلمانوں اور حتی دنیا کے دیگر ملکوں کے عوام کی جانب سے کھیل کے میدانوں میں فلسطینیوں کی حمایت میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مراکش اور پرتگال کے درمیان میچ شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد، مراکشی ٹیم کے حامیوں نے اسٹیڈیم میں فلسطین کا پرچم بھی لہرایا اور فلسطینی قوم کے حمایت میں نعرے لگائے۔
مراکش ٹیم کی فتح کے بعد اسٹیڈیم کے باہر جشن منانے والے سیکڑوں تماشائیوں نے بھی اپنے ملک کے پرچم کے ساتھ ساتھ فلسطین کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے، اس موقع پر قطر کے دارالحکومت دوحہ کا مرکزی علاقے فلسطین فلسطین کے نعروں سے گونج رہا تھا۔
اس سے پہلے کروایشیا اور جاپان کے درمیان ہونے والے میچ میں بھی بہت سے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں فلسطین کا پرچم لہراتے دیکھا گیا تھا۔
قطر ورلڈکپ کے گروپ میچ میں ارجٹنائن کی فتح کے بعد بھی ایسے مناظر دیکھنے میں آئے تھے جن میں خوشی منانے والے بعض تماشائیوں نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔