Dec ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • فلسطین، غرب اردن میں شدید جھڑپیں، متعدد صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی

غرب اردن کے شہر نابلس میں سرایا القدس کے مجاہدوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپ کی خبر موصول ہوئی ہے۔ اس واقعے میں متعدد صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام : فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق، جہاد اسلامی فلسطین تحریک کے فوجی  بازو سرایا القدس نے  اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ غرب اردن کے بلاطہ کیمپ میں غاصب صیہونی فوجیوں پر گولیوں کی بوچھار کردی گئی ہے۔
جہاد اسلامی کے مطابق، یہ حملہ سرایا القدس کے نابلس بریگیڈ کے توسط سے انجام دیا گیا۔
سرایاالقدس کے بیان کے مطابق صیہونی کمانڈرز دستے  پر حملہ اس وقت کیا گیا جب غاصب اسرائیلی فوجی منگل اور بدھ کی درمیانی شب کارروائی انجام دینے کے لئے بلاطہ کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
فلسطینی مجاہدین نے جو صیہونی فوجیوں کی تاک میں تھے، اچانک قریب سے ان پر حملہ کردیا۔ سرایا القدس کے اس حملے میں متعدد صیہونی فوجی ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔ 
جہاد اسلامی نے اپنے بیان میں علاقے کے فلسطینیوں سے درخواست کی ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تصاویر کو مٹا دیں تا کہ صیہونی فوجی، فلسطینی مجاہدوں کی شناخت نہ کرپائیں۔ 
یاد رہے کہ تل ابیب کے بڑھتے جرائم کے جواب میں غرب اردن کے مختلف علاقوں میں بھی صیہونی حکومت کے خلاف کارروائیوں میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں حالات صیہونیوں کے ہاتھ سے باہر نکل چکے ہیں۔
اس بات کا اعتراف تل ابیب کے اعلی سیاسی، فوجی اور سیکورٹی حکام نے بھی کیا ہے۔ صیہونی لیڈروں نے بھی ان جھڑپوں کی شدت میں اضافے کی جانب سے خبردار کیا ہے۔
اس سے قبل صیہونی حکومت کو محض غزہ پٹی کی جانب سے خطرہ لاحق تھا لیکن اب غرب اردن کے فلسطینی نوجوانوں نے مسلح ہوکر بزدل صیہونیوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ 
دریں اثنا، دسیوں مجاہدین نے غرب اردن میں واقع جنین کیمپ میں سرعام پریڈ کرکے اپنی طاقت  کا مظاہرہ کیا ہے۔ 
اس پریڈ کا اہتمام سرایا القدس کے شہید کمانڈر فاروق سلامہ کی یاد میں کیا گیا جس کے دوران جہاد اسلامی کی مسلح کمان سرایا القدس، حماس تحریک سے وابستہ القسام بریگیڈ اور دیگر مزاحمتی گروہوں کے مجاہدین نے جنین کی سڑکوں اور منظم انداز میں اپنی طاقت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ 
بتایا جا رہا ہے کہ اس پریڈ کے کئی اہم پیغامات تھے، من جملہ یہ کہ صیہونی حکومت کو جان لینا چاہئے کہ مزاحمت کا سلسلہ بدستور اپنے عروج پر ہے اور تمام فلسطینی گروہ صیہونیوں کے مقابلے لئے تیار اور متحد ہیں۔ 

ٹیگس