بحرین میں صیہونیوں کے مذہبی تہوار کے انعقاد کے خلاف مظاہرہ (ویڈیو)
بحرین کے عوام نے قدس کی غاصب و جابر صیہونی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔
سحر نیوز/عالم اسلام: بحرین کے عوام نے فلسطینیوں اور مسجد اقصیٰ کی حمایت میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کرکے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں کی مخالفت کی۔
ہفتہ کے روز بحرین کے عوام نےسترہ کے علاقے میں ایک مظاہرہ کرکے بحرین میں صیہونی غاصب حکومت کے ساتھ اپنے ملک میں کسی بھی طرح کے تعلقات کو معمول پر لانے اور صیہونیوں کے تہوار حنوقہ کی تقریبات کے انعقاد کی بھی شدید مذمت کی۔
فلسطینی پرچم تھامے بحرینی مظاہرین القدس اور مسجد اقصیٰ کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر صہیونی دشمن کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی مخالفت میں نعرے درج تھے۔
ایک سرگرم بحرینی یوسف الجمری نے ٹوئیٹ کر کے مظاہرے کی ویڈیو شیئر کی۔ انہوں نے ٹوئیٹ میں لکھا کہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود سترہ کے عوام نے منامہ میں صیہونی کالونی کے قیام، صیہونیوں کی موجودگی اور صیہونیوں کے تہوار حنوقہ کی تقریبات میں اپنے ملک کے حکام کی شرکت کے خلاف بھی نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ آل خلیفہ کی اقلیتی حکومت نےدوہزار بیس کے اواخر میں صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے بعد آل خلیفہ اور صیہونی حکومت کے درمیان مختلف اقتصادی، ثقافتی اور سیاسی شعبوں میں تعلقات میں اضافہ ہوا ہے اور بعض ذرائع نے منامہ میں یہودی بستی کے قیام کا انکشاف کیا ہے۔